قبائلی اضلاع میں اقلیتی طلباء کو ہنر اور جدید فنی تعلیم سے آراستہ کرینگے، وزیر زادہ

پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں اقلیتی کمیونٹی کے طلباء کو فنی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اسی سال قبائلی اضلاع کے اقلیتی کمیونٹی کے کل 625 طلبا کو خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (کے پی ٹیوٹا) فنی تعلیم وترتیب فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے فیز میں 325 طلباء کو تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ مزید 300 مزید طلباء کو بھی اس سال انرول کیا جائیگا۔ 325 طلباء کا امسال فروری کو تربیتی کورسز مکمل ہو جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی اضلاع میں اقلیتی برادری سے طلباء کو فنی تعلیم دینے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔اجلاس میں ایم پی اے ویلسن وزیر اور کے پی ٹیوٹا سے ڈائریکٹر اکیڈیمکس ودیگر نے شرکت کی ہے۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے معاون خصوصی کو قبائلی اضلاع میں اقلیتی طلباء کے مختلف اداروں میں داخلے، کورسز اور مرحلہ وار تربیتی کورسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ تفصیلات کے مطابق کے پی ٹیوٹا نے 325 طلبا کو پہلے فیز میں مختلف فیلڈز کے کورسز میں داخلے دئیے ہیں جن کے کورسز فروری میں مکمل ہو جائیں گے جبکہ قبائلی اضلاع سے کل 625 طلبا کو فنی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔
یہ کورسز 3 مہینے، 6 مہینے اور 12 مہینوں کے دورانیے پر مشتمل ہونگے جن میں بلڈنگ الیکٹریشن کورسز، الیکٹرونکس کورسز، کمپیوٹر کورسز، آٹو الیکٹریشن کورسز، ٹیلرنگ کورس، بیوٹیشن، ڈرائیونگ، موٹر سائیکل مکینک کورس، آرکیٹیکچر اور ڈرافٹنگ کورسز وغیرہ شامل ہونگے۔ اس موقع پر وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں صوبے بھر اور خصوصاً قبائلی اضلاع کے اقلیتی کمیونٹی کے طلباء کو سکل ڈویلپمنٹ کورسز میں تعلیم کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس سے اقلیتی برادری کے نوجوان فنی تعلیم و تربیت سے استفادہ کر رہے ہیں۔فنی تعلیم سے یہ نوجوان اس قابل ہونگے کہ نہ صرف پورے ملک میں یہ روزگار کے مواقعوں سے مستفید ہوسکیں گے بلکہ اپنا روزگار شروع کرنے کے بھی اہل ہونگے۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق عوام کو تمام تر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہم اقلیتی طلباء کو عملی میدان میں ترقی دینے اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام تر ممکن کوششیں بروئے کار لا رہے ہیں